اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جرمن پارلیمنٹ کی ڈپٹی اسپیکر کلائیڈیا روٹ نے سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کے جرمن حکومت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کو سعودی عرب کو ہتھیار نہیں بیچنے چاہییں- انھوں نے جرمنی کے ڈپٹی چانسلر زیگمار گبریل کے سعودی عرب اور خلیج فارس کے دیگر عرب ملکوں کے دورے سے قبل اخبار ڈی ویلٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں سنجیدگی سے جرمنی کے ہتھیاروں کی برآمدات کی بعض ملکوں پر پابندی کی خواہاں ہوں خصوصا جب سعودی عرب جیسے ملکوں کا معاملہ سامنے ہے کہ جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور یہ ہتھیار اس ملک کے عوام کے خلاف یا پھر بحرین جیسے ہمسایہ ممالک میں مداخلت کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں- جرمن پارلیمنٹ کی ڈپٹی اسپیکر کلائیڈیا روٹ نے کہا کہ جرمنی سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کر کے اپنے اصول کی خلاف ورزی کر رہا ہے- انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک کے وزیر خزانہ سے توقع ہے کہ وہ ریاض میں اس اصول کا خیال رکھیں گے- جرمنی کی ڈپٹی اسپیکر نے اس سوال کے جواب میں کہ یہ مسئلہ کہ سعودی عرب علاقے کی پائیداری میں کردار ادا کر سکتا ہے، آپ کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا، کہا کہ میں یہاں پر ایک سوال کرنا چاہتی ہوں کہ ایک ایسا ملک کس طرح امن و استحکام قائم کر سکتا ہے کہ جس کی پالیسی پورے عالم اسلام میں انتہا پسند سلفی گروہوں کی مالی مدد کرنا ہو ؟ انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ انتہا پسند جہادی نوجوان سعودی عرب سے ہی شام، افغانستان اور عراق جاتے ہیں- اس طرح سعودی عرب اس وقت مشرق وسطی میں دہشت گردی برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169